ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں کالے دھن کو سفید کرنےکے دھندے کا رازفاش: کمیشن پر معاملات طئے : 2گرفتار

بھٹکل میں کالے دھن کو سفید کرنےکے دھندے کا رازفاش: کمیشن پر معاملات طئے : 2گرفتار

Sat, 19 Nov 2016 20:22:27    S.O. News Service

بھٹکل:22/نومبر (ایس او نیوز) نوٹوں کوبدلنے کے لئے غریب عوام اپنے کام کاج چھوڑکر بینک کے باہر کھڑے ہونےپر مجبور ہیں تو دوسری طرف تعلقہ بھر میں 30 اور 40 فی صد کمیشن پر پرانے پانچ سو اور ہزار روپئے کے نوٹوں کو نئے نوٹوں میں تبدیل کرنے کا دھندہ دھڑلے سے چل رہا ہے۔ اس دوران جمعہ کی دیر رات تعلقہ کے سرپن کٹہ کے حدود میں غیرقانونی لاکھوں کی رقم کونئے نوٹوں میں منتقل کرنےکے دوران پولس نے چھاپہ مارنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ پولس کے مطابق دستاویزات کے بغیر رقم سپلائی کرنے کا الزام لگاکر 2 افراد کو گرفتارکیاگیا ہے۔

پولس ذرائع نے گرفتارشدہ ملزموں کی شناخت منکولی کے پنڈلک گوند رایا پائی (39) اور جامع اسٹریٹ کے مکین عماد الدین (31) کی حیثیت سے کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جامنی رنگ کی تھیلی میں 2000روپئے کے 192، 100روپئے کے 557، 50 روپئے کے 180اور 10روپئےکے 1000نوٹ کی گڈیوںسمیت کل 4،50،000روپئے پولس نے ضبط کرلئے ہیں، گرفتارشدگان کو ہوناور کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔بھٹکل دیہی پولس تھانے میں کیس درج کرلینے کے بعد سی پی آئی سریش نایک کی رہنمائی میں اے ایس آئی ، ایس جی نائک جانچ کررہے ہیں۔

معاملہ کی اصل حقیقت: گذشتہ 5-6دنوں سے  بینک افسران اور پولس کے تعاون سے بینک کے باہر کالے دھن کو سفید میں منتقل کرنے اور اس کے مطابق 2000رقم والی نوٹوں کی ذخیرہ اندوزی کے متعلق عوامی سطح پر الزامات کی گردش جاری  ہے، اسی سے منسلک 30 سے 40 فی صد کمیشن پر کالے دھن کو سفید میں منتقل کرنے کا دھندہ  بھی شروع ہوگیا ہے ، اس دھندے کے لئے کئی ایجنٹ پیدا ہوگئے ہیں، خاص بات یہ ہےکہ یہ ایک سرمایہ کاری کے طورپر جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔ پارٹی، دھرم وغیرہ کی تفریق کئے بغیر کئی شراکت اور حصہ دار پیدا ہورہے ہیں۔ ایک طرف سے پرانے نوٹوں کی گڈیاں جمع کرنا اور دوسری طرف سے نئے نوٹوں کی تقسیم کاری  زوروں پر جاری ہے۔ جمعہ کی رات سرپن کٹہ پر ایسی ہی ایک کوشش کی گئی تھی، لیکن پرانے نوٹوں کے جمع خور پولس کے پہنچتے ہی لاکھوں کی رقم لے کر فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اس سلسلے میں کاروار کے انکم ٹیکس آفیسر نندن نے ساحل آن لائن سے بات کرتے ہوئے بتایا  کہ بھٹکل میں چلنے والے تمام معاملات پر کڑی نگاہ رکھی گئی ہے، معاملات کسی بھی طرح کیوں نہ انجام دئیے جائیں، آخر کار کسی نہ کسی راستے وہ بینک میں جمع کرانا ہے ۔ آفسر کا کہنا ہے کہ  مرکزی حکومت کے انکم ٹیکس قانون 2016کے تحت خاطیوں کو  آسانی سے نکل جانے نہیں دیا جائے گا۔


Share: